سعودی عرب میں آہستہ آہستہ زندگی معمول پر آنے لگی، جدہ میں کونسے اہم مراکز کھول دیئے؟ جانئے
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پابندیاں ختم کیے جانے کے بعد پارکس اور ساحل کورنیش پر تفریحی مقامات کو بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
اس سے قبل ملک کے تمام علاقوں میں کووڈ 19 وائرس کی وجہ سے احتیاطی اقدامات کے تحت سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے پارکس اور ساحلی تفریحی مقامات کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
کرفیو کے دوران بلدیہ اور دیگر اداروں کی جانب سے ساحلی پارکوں اور تفریحی مقامات کی از سر نو تزئین اور آرائش کا کام کیا گیا، اس دوران پارکوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کرنے کے علاوہ بیٹھنے کے مقامات کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔
بلدیہ حکام کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران چونکہ تفریحی مقامات پر لوگ نہیں آرہے تھے اس لیے صفائی اور سینی ٹائزنگ کا کام تیزی سے مکمل کر لیا گیا۔
واضح رہے جدہ میں عید الفطر کے بعد ساحلی تفریح گاہ ’کورنیش‘ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا تھا کیونکہ کرفیو کھلتے ہی بڑی تعداد میں لوگ کورنیش پر پہنچ گئے جس کی وجہ سے وہاں سماجی فاصلے کے اصول پر عمل ممکن نہیں رہا تھا۔
وزارت صحت کی جانب سے سفارشات پر عمل کرتے ہوئے کرونا کے حفاظتی اقدام کے تحت کورنیش پر موجود تفریحی پارکوں کو 24 گھنٹے کی بنیاد پر سیل کر دیا گیا تھا۔
No comments
Thnak For FeedBack!!!