نواز شریف کے گارڈ نے نجی ٹی وی کے کیمرا مین کو تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا
رپورٹس کے مطابق نجی ٹیلی وژن کا کیمرا مین کوریج کیلئے پارلیمنٹ کے باہر اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا کہ اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے گارڈز نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
نواز شریف کے ذاتی گارڈز نے نجی ٹی وی کے کیمرا مین کے پیٹ اور سر پر ضربیں لگائیں جس سے وہ شدید زخمی ہو کر بے ہوش ہو گیا۔ وہاں پر موجود دیگر صحافیوں نے تشدد کا نشانہ بنانے والے گارڈز کو پکڑنے کی کوشش کی تو وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
زخمی کیمرا مین کو طبی امداد کیلئے پمز ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ہسپتال میں زخمی کیمرا مین کی عیادت کی اور وہاں موجود ڈاکٹروں سے انھیں تمام ممکنہ طبی سہولیات دینے کا کہا ہے۔
ادھر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کیمرہ مین واجد علی پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ تشدد میں ملوث اہلکار کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی، انہوں نے کیمرا مین کےعلاج کی ہدایت بھی ہے۔
دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نجی ٹیلی وژن کے کیمرہ مین پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس میں نجی سیکیورٹی گارڈز کے داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ صرف پارلیمنٹ کی سیکیورٹی ہی تعینات رہے گی۔
No comments
Thnak For FeedBack!!!