اداکار کمال احمد رضوی کو مداحوں سے بچھڑے 3 برس بیت گئے لیکن ان کی یادیں آج بھی تازہ ہیں
معروف مزاحیہ فنکار کمال احمد رضوی 1930ء میں بھارت میں پیدا ہوئے، فن اداکاری کے ساتھ ساتھ کئی یادگار ڈرامے لکھے، ہدایت کاری میں اپنا لوہا منوایا اور کئی زبانوں میں لکھی گئی کتابوں کے تراجم کیے، کمال احمد رضوی فلم انڈسٹری کی طرف بھی گئے مگر ان کا وہاں جی نہیں لگا۔
ٹی وی کی مشہور ڈرامہ سریز ’الف نون‘ نے کمال احمد رضوی کو شہرت کے عروج پہنچا دیا، تھیٹر اور ٹی وی کے جن ڈراموں میں اپنے فن کے جوہر دِکھائے ان میں مسٹر شیطان، آدھی بات، بلاقی بدذات، بادشاہت کا خاتمہ، جولیس سیزر، کھویا ہوا آدمی، خوابوں کے مسافر، صاحب بی بی غلام، چور مچائے شور، ہم سب پاگل ہیں اور آپ کا مخلص شامل ہیں۔
کمال احمد رضوی نے بچوں کا ادب بھی لکھا اور بی بی سی اُردو سروس سے بھی منسلک رہے، معروف فنکار کمال احمد رضوی اور ننھا کا خاص تعلق تھا اور ٹی وی اسکرین پر دونوں ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم سمجھے جاتے تھے۔ ان کا ڈرامہ ’الف نون‘ نشر ہوتا تھا تو ناظرین کی دلچسپی کا یہ عالم تھا کہ سڑکیں ویران ہوجایا کرتی تھیں۔
کمال احمد رضوی علالت کے باوجود فنون لطیفہ سے کافی حد تک گوشہ نشینی اختیار کرچکے تھے، البتہ کبھی کبھار کسی محفل میں آجاتے تو اپنے مخصوص جملوں اسے گل و گلزار بنادیتے تھے۔
کمال احمد رضوی نے کئی مشہور ڈائجسٹ کی ادارت بھی کی، 17 دسمبر 2015ء کو انھیں دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا اور ان کے انتقال سے ادب اور مزاح نگاری کا ایک باب بند ہوگیا۔
No comments
Thnak For FeedBack!!!