قومی اسمبلی: کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت
قرارداد میں ضلع پلوامہ میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں چودہ کشمیریوں کی شہادت اور دو سو کو زخمی کرنے کے واقعے پر گہری تشویش ظاہر کی گئی۔ قرارداد میں بہادر کشمیری عوام کو سلام پیش کیا گیا اور ان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا گیا جو حق خودارادیت کے اپنے مطالبے کے لئے پرامن احتجاج کررہے ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ قابض حکام کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے آزادی کے حقیقی مطالبے کو دبایا نہیں جاسکتا۔قرارداد میں بھارتی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تمام خلاف ورزیوں اور ریاستی دہشتگردی کا خاتمہ کرے، انٹرنیٹ اور پریس پر عائد پابندیاں اٹھائے اور لوگوں کو ان کے حقوق دے۔
قرارداد میں اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی منصفانہ جدوجہد کی سفارتی، اخلاق اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ایوان نے متفقہ طور پر ایک اور قرارداد بھی منظور کی جس میں آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم بچوں پر مظالم اور ان کی شہادت کی مذمت کی گئی اور قومی لائحہ عمل پر جامع عملدرآمد کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں قراردادیں پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کی تھیں۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اب جمعرات دن گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
No comments
Thnak For FeedBack!!!