امریکا میں شدید سردی کے باعث اموات کی تعداد 21 ہوگئی
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکامیں شدید برفباری کی وجہ سے لوگ گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے اور ہزاروں افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئے جب کہ ٹھنڈ کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی۔
برفیلی ہواؤں کے باعث صرف ایک روز کے دوران شکاگو میں مزید 9 اموات ہوئیں، الی نوائے میں برفیلی ہوا کا شکار معمر شخص گھر کے دروازے پر دم توڑ گیا جب کہ ریاست انڈیانا میں گاڑی برف میں دھنسنے سے نوجوان جوڑا موسم کی شدت سے ہلاک ہوگیا۔
اسی طرح شکاگو میں برفیلے طوفان سے ایک شخص ہلاک، ملواکی میں ایک شخص گیراج میں منجمد ہوگیا، سرد ہواؤں کی زد میں آکر ڈیٹرائٹ میں 70 برس کا شخص پڑوسی کے دروازے پر دم توڑ گیا۔
خون جماتی سرد ہوا کا شکار یونیورسٹی آف آئیوا کے طالبعلم کی لاش ہال سے برآمد ہوئی جب کہ مشی گن میں بھی عمر رسیدہ شخص سرد ہواؤں کا سامنا نہ کرسکا جس کی لاش محلے سے برآمد ہوئی۔
ریاست آئیوا میں درجہ حرارت منفی 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا اور خراب موسم کی وجہ سے 2 ہزار 300 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
کئی ریاستوں میں آبی ذخائر جم گئے، مشی گن اور منی سوٹا میں گیس کی قلت پیدا ہوگئی جب کہ آئیوا اور ونسکونسن میں بجلی کا بحران پیدا ہوگیا۔
No comments
Thnak For FeedBack!!!